کمپیوٹر ٹیکنالوجی میں کیریئر بنانا

کیریئر پلاننگ درحقیقت ذہنی تیاری کا نام ہے۔ مقابلہ کی اس دنیا میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آپ میدان میں اُتریں تو پوری تیاری کے ساتھ اُتریں۔اگر آپ کمتر تیاری اور کنفیوز ذہن کے ساتھ زندگی کے میدان میں داخل ہوگئے تو آپ کے لیے ناکامی کے سوا کوئی اور چیز مقدر نہیں۔ آپ کی تیاری دو پہلوئوں کے اعتبار سے مکمل ہونی چاہئے۔ ایک یہ کہ وہ باقاعدہ ہو، دوسرے یہ کہ وہ زمانے کے تقاضے کے مطابق ہو۔                             
   
                                                                 
جیسے آج کل کمپیوٹر کا ہر طرف شور سنائی دیتا ہے، جسے دیکھو کمپیوٹر کا کوئی نہ کوئی کورس ضرور کرتا نظر آئے گا۔ مگر اکثر نوجوان کمپیوٹر سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے میں بڑی دشواریوں کا سامنا کرتے ہیں، کیونکہ انھیں کمپیوٹر کے شعبوں سے متعلق جو کورسز کروائے جا رہے ہیں ان کے متعلق مکمل معلومات نہیں ہیں۔ اس مضمون میں ہم آپ کو کمپیوٹر کے مختلف شعبوں اور کورسز کے متعلق معلومات دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔                                                                                                              
کمپیوٹر کیریئر میں اپنا مستقبل بنانے والے نوجوانوں کو یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ کمپیوٹر سے متعلق پیشوں میں چار شعبے ہیں جہاں کوئی نوجوان ضروری تعلیم حاصل کر کے اپنا مستقبل تلاش کر سکتا ہے۔ ان چار میں سے تین کا تعلق براہِ راست کمپیوٹر سے ہے۔           
             
سافٹ ویئر انجینئر
 اس شعبے میں سسٹم اینالسٹ اور پروگرامر شامل ہیں۔ ایک پروگرامر اپنے کام کا اچھا خاصہ تجربہ حاصل کر لے تو سسٹم اینالسٹ کے عہدے پر کام کرنے کا موقع حاصل کر سکتا ہے۔ جس طرح سول انجینئر نگ میں ایک آرکیٹکٹ ، عمارت کا تفصیلی نقشہ تیار کرتا ہے۔ اسی طرح کمپیوٹر کے شعبہ میں سسٹم اینالسٹ ، کسی پروگرام کا تفصیلی خاکہ تیار کرتا ہے کہ یہ پروگرام کس مقصد کے لیے اور کن کن اُمور کی انجام دہی کے لیے مددگار ثابت ہوگا؟۔۔۔۔ پروگرامر ایک ایسے ہنرمند کی مانند ہوتا ہے جو آرکیٹکٹ کے نقشہ کے مطابق عمارت کی تعمیر کرتاہے۔ پروگرامر، سسٹم اینالسٹ کے تیار کردہ خاکے کی تفصیلات کے مطابق پروگرام تیار کرتا ہے۔ پروگرامر کمپیوٹر کی زبان میں ایسے پروگرام یا ایپلی کیشنز ترتیب دیتا ہے جس کے مطابق کمپیوٹر کسی مخصوص کام کو انجام دینے کے قابل ہوپاتا ہے۔
               
کمپیوٹر آپریٹر
 ڈیٹا اینٹری آپریٹر کمپیوٹر کو اطلاعات یا ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔ اس کا م کے لیے آپریٹر ذہنی طور پر مستعد ہو اور بڑی خوبی کے ساتھ کام کرتا ہو۔ کمپیوٹر آپریٹر کمپیوٹر میںمعلومات کو ایسی شکل میں ترتیب دیتا ہے جسے کمپیوٹر سمجھ، قبول اور محفوظ کر سکے۔ جوں جوں کمپیوٹر ہماری زندگیوں میں داخل ہوتا جا رہا ہے توں توں ڈیٹا اینٹری آپریٹر یا کمپیوٹر آپریٹر کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔                      

ہارڈویئر انجینئر
 کمپیوٹر مرمت اور دیکھ بھال کا کام ہارڈ ویئر کے شعبے سے متعلق ہے۔ اس شعبے میں اسامیاں کمپیوٹر بنانے اور  فروخت کرنے والے اداروں میں دستیاب ہوتی ہیں۔  

کمپیوٹر سیلر
 کمپیوٹر کی فروخت ایک ایسا شعبہ ہے جو براہِ راست کمپیوٹر کے آپریشن سے تعلق نہیں رکھتا تاہم اس کے لیے بھی ضروری ہے کہ جو شخص کمپیوٹر فروخت کر رہا ہو وہ کمپیوٹر کے بارے میں بنیادی معلومات رکھتا ہو۔ مارکیٹنگ کی تربیت اس کام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر سے واقفیت اور اس سے متعلق کسی شعبے کا تھوڑا سا تجربہ مفید ہوتا ہے۔                 
      
مندرجہ بالا بنیادی شعبوں کے علاوہ کمپیوٹر کے مزید بے شمار شعبے اور ہیں مگر وہ انہی چار بنیادی شعبوں کی ذیلی شاخیں ہیں۔          
           
کمپیوٹر کی تعلیم
 ہمارے ملک میں مختلف جامعات اور ادارے کمپیوٹر کے ڈگری ، ڈپلومہ اور سر ٹیفکیٹ کورسز کروا رہے ہیں۔نجی شعبے میں بھی کئی کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ قائم ہیں جہاں کمپیوٹر پروگرامنگ اور ڈیٹا اینٹری آپریٹر کے1 سال، 6 ماہ اور3 ماہ کے سر ٹیفکیٹ کورسز کروائے جاتے ہیں۔ عام طور پر یہ انسٹیٹیوٹ متعلقہ صوبے کے بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے منظور شدہ ہوتے ہیں۔کمپیوٹر ڈپلومہ اور سر ٹیفکیٹ کورسز کے لیے تعلیمی قابلیت میٹرک ،F.Sc اورF.A. ہے۔ داخلہ لیتے وقت طلباء کو اس چیز کو مد ِنظر رکھنا چاہئے کہ آیا یہ ادارے متعلقہ صوبے کے فنی تعلیمی بورڈ سے منظورشدہ ہیں یا نہیں؟                                    
       
ڈگری پروگرامز

B.S. کمپیوٹر ٹیکنالوجی
 B.S.کمپیوٹر ٹیکنالوجی میں داخلے کے لیے اُمیدوار کی بنیادی اہلیت پری انجینئرنگ کے ساتھ F.Sc میں کامیابی ضروری ہے۔ داخلہ میرٹ کی بنیاد پر اور مختلف طبقوں کی مخصوص نشستوں پر دیاجاتا ہے۔ کمپیوٹر سائنس میں B.S. کی ڈگری کے حامل نوجوان کمپیوٹر ہارڈ ویئر سے متعلق اُمور انجام دیتے ہیں۔ جن میں کمپیوٹر ڈیزائننگ ، آپریشن ، دیکھ بھال اور مرمت ، تنصیب وغیرہ کے اُمور شامل ہیں۔   
                               
اس کے علاوہ مختلف جامعات کمپیوٹر سائنس میں بی ای  یا بی ایس کی ڈگری بھی دیتی ہیں۔ اسکے لیے بھی بنیادی تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ (سائنس)ہونا ضروری ہے۔ یہ 3 سالہ کورس ہے جس کے بعد بی سی ایس یا بی ایس کمپیوٹر سائنس کی ڈگری دی جاتی ہے۔
                    
MS کمپیوٹر سائنس
کمپیوٹر سائنس میں ایم ایس کا نصاب2سال پر مبنی ہے۔ یہ نصاب سافٹ ویئر سے متعلق اُمور پر مشتمل ہوتا ہے، جس میں کمپیوٹر لینگویج ، ان کی مختلف اقسام ، کمپیوٹر کی زبان ، ان کے پروگرام اورتھیوری و عملی مضامین شامل ہیں۔ ایم ایس کمپیوٹر سائنس میں داخلہ کی بنیادی اہلیت کمپیوٹر سائنس، ریاضی ، شماریات ، طبیعیات میں سے کسی ایک مضمون میںBS ہے۔ دیگر مضامین میں B.A. ، B.Sc کی ڈگری کے حامل اورB.Comکی ڈگری کے حامل ایسے اُمیدوار بھی داخلے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں، جنھوں نے ریاضی میں سر ٹیفکیٹ کورس کیا ہو یا شماریات میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کر رکھا ہو۔B.E. اور B.Tech کے کامیاب اُمیدوار بھی داخلے کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔ داخلہ اہلیت کی بنیاد پر ہوتا ہے۔

 ملک میں جس تیزی سے کمپیوٹر کا استعمال بڑھ رہا ہے اس کے پیش نظر یہ کہنا غلط نہیں ہے کہ ذہین اور منطقی سوچ کے حامل نوجوانوں کے لیے اس شعبے میں روزگار کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ 

٭…٭

<<< پچھلا صفحہ اگلا صفحہ >>>

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


اپنی قیمتی رائے سے آگاہ کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

صفحات

Shoaib Saeed Shobi. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.