ہوٹل مینجمنٹ
کھانا اور کھلانا، مہمانوں کی تواضع کرنا اور مسافروں کے آرام کا بندوبست کرنا ، دنیا کی قدیم ترین روایات میں شامل ہیں۔ جب یہ تمام کام تجارتی بنیاد پر کیے جائیں تو ایک فن اور پیشہ بن جاتے ہیں اور اسی فن اور پیشے کو آج کے جدید دور نے ہوٹل مینجمنٹ کا نام دیا ہے۔ دنیا بھر میں ہوٹلز کی صنعت کے فروغ سے ہر کوئی واقف ہے ۔ اس شعبے میں بہترین اور پرکشش ملازمتوں کے مواقع بھی بے حد وسیع ہیں۔ جن شعبوں میں انسانی وسائل کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے ، ان میں ہوٹل مینجمنٹ کا شعبہ بھی ایک اہم ترین شعبہ ہے۔کھانا پکانے میں شیف (خانساماں) کی مدد کرنے والے معاون سے لے کر کسی اعلیٰ درجے کے فائیو اسٹارہوٹل کے منتظم اعلیٰ تک کے عہدے تک سینکڑوں افراد پر مشتمل ایک پوری ٹیم جو ہوٹل کے انتظامات اور مہمانوں کی دیکھ بھال کے لیے مستعد رہتی ہے ، کے لیے ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں…اگر آپ اس جانب ذرا بھی دلچسپی رکھتے ہیں تو یقینا اپنی صلاحیتوں اور قابلیت سے مطابقت رکھنے والا کوئی نہ کوئی شعبہ آپ کی توجہ اپنی جانب مبذول کر ا لے گا۔ اس مضمون سے آپ کو یہ بھی اندازہ ہوگا کہ ہوٹل مینجمنٹ کے شعبے میں کس نوعیت کی ذمہ داریاں لوگوں پر ہوتی ہیں اور اس قسم کے کام کے لیے کس قسم کے افراد کی ضرورت درکار ہوتی ہے۔















